ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں کے قرضے معاف کرنے عوام پر نیا بوجھ، پٹرول اور ڈیزل پر سیس اور اندرا کینٹین کو سرکاری چھٹی متوقع

کسانوں کے قرضے معاف کرنے عوام پر نیا بوجھ، پٹرول اور ڈیزل پر سیس اور اندرا کینٹین کو سرکاری چھٹی متوقع

Tue, 03 Jul 2018 11:30:24    S.O. News Service

بنگلورو،3؍جولائی(ایس او نیوز) ریاست میں کسانوں نے کوآپریٹیو اداروں اور بینکوں سے جو زرعی قرضے حاصل کئے ہیں اسے معاف کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے اعلان کے مطابق وزیراعلیٰ کمار سوامی کی طرف سے امکان ہے کہ بجٹ میں واضح طور پر بتادیا جائے گا کہ کسانوں کے کتنے قرضے معاف ہوں گے۔ حالانکہ حکمران اتحاد کی رابطہ کمیٹی میٹنگ میں طے کیا گیا ہے کہ 2لاکھ روپیوں تک کے سبھی زرعی قرضے معاف کردئے جائیں گے، لیکن ان قرضوں کی معافی کے لئے وسائل یکجا کرنا حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا تھا۔ بجٹ کی تیاری کے مرحلے میں وزیراعلیٰ کمار سوامی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے لئے وسائل یکجا کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت پٹرول اور ڈیزل پر لاگو کئے جانے والے سیس میں اضافہ کرے گی اور ساتھ ہی بنگلور ریاست بھر میں غریب عوام کو رعایتی قیمتوں پر کھانا فراہم کرنے میں مصروف اندرا کینٹین ہفتے میں دو دن بند کردی جائے گی۔

سدرامیا حکومت کی ایک مقبول عام اسکیم اندرا کینٹین کو بند کرنے سے ریاست کے شہری علاقوں میں غریب عوام پر اثر پڑ سکتا ہے، لیکن ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ اس پر صرف ہونے والے کروڑوں روپے کسانوں کے قرضے معاف کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔محکمۂ مالیات کے افسروں نے مشورہ دیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر جو سیس لاگو کیا جارہا ہے اس میں اگر فی لیٹر ایک تا دیڑھ روپے کا اضافہ کیا جائے تو اس سے سالانہ آٹھ تا دس ہزار کروڑ روپیوں کے وسائل یکجا کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت جائیدادوں کے رجسٹریشن کی شرحوں میں بھاری اضافے پر بھی فیصلہ کرچکی ہے۔ پنجاب اور مہاراشٹرا کے طرز پر کسانوں کے قرضوں کو معاف کیا جارہاہے اس کے لئے مالی وسائل یکجا کرنے بینکوں کے ذریعے بانڈز جاری کئے جائیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو ریاستی خزانے کا حصہ بنایا جائے گا۔ مالی وسائل یکجا کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت اس بات پر بھی غور کررہی ہے کہ ریاست بھر کی اندرا کینٹینوں کو اتوار اور سرکاری چھٹیوں کے دن بند کردیا جائے۔ ویسے بھی ایک تجزیے کے مطابق اتوار اور سرکاری چھٹیوں کے ایام میں اندرا کینٹین میں کھانے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہتی ہے ، اسی لئے محکمۂ مالیات نے مشورہ دیا کہ اندرا کینٹین کو چھٹیوں میں بند رکھا جائے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے طے کیا تھا کہ پی یو سی امتحانات میں کامیاب سبھی طلبا کو مفت لاپ ٹاپ دیاجائے گا۔کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کمارسوامی نے یہ اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کہا جارہا ہے کہ یہ اسکیم عارضی طور پر روکی جارہی ہے۔ لیکن آئندہ اس کا نفاذ ہوگا، اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ بتایاجاتاہے کہ مالی وسائل یکجا کرنے کے نام پر محکمۂ تعلیمات، صحت ، بہبودئ خواتین واطفال اور آبی وسائل کو چھوڑ کر محکمۂ تعمیرات عامہ ، دیہی ترقیات ، صنعت ، مالگذاری جنگلات اور دیگر تمام محکموں کے سالانہ بجٹ میں بھاری کٹوتی کی گی ہے۔


Share: